وہ عید والے دن قتل ہو گیا۔ مبین ملک اپنی سابق اداکارہ بیوی انجمن کے گھر بچوں سےعیدی ملنے گیا،قربانی کا فرض ادا کرکے 22 سالہ بیٹی کو ساتھ لیکر اس گھر آرہاتھا جہاں وہ انجمن سے خلع کے بعد اپنے بھائی زریں خان کے ساتھ رہ رہا تھا، اسے اسی گھر کے دروازے پر آٹھ گولیاں ماردی گئیں، ہارن کی آواز سن کر دروازہ کھولنے والا
چوکیدار بھی بھون دیا گیا، کار میں باپ کے ساتھ بیٹھی 22سالہ بیٹی امان شاید قاتلوں کا نشانہ نہ تھی، امان کو باپ کا جسم چیرکے آنے والی گولیاں لگیں، ڈاکٹر کہتے ہیں اس کی زندگی بچ گئی ہے،
1977 میں فلم لائن میں آنے والی انجمن کا تعلق ملتان کے مخصوص گھرانے سے ہے، مبین ملک سے پہلے وہ سندھ کے ایک وڈیرے کے نکاح میں رہی، اس وڈیرے سے انجمن کا ایک بیٹا ہے، جس کی ولدیت کے خانے میں مبین ملک نے اپنا نام لکھوا دیا تھا، مبین ملک سے انجمن کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے، مبین محکمہ انکم ٹیکس میں 21ویں گریڈ کا اعلی افسر ہونے کے باوجود انجمن کے خاوند کی حیثیت سے جانا جاتا تھا اور یہ تعارف اسے اچھا لگتا تھا، اسےسیاست کا بھی شوق رہا، پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کی بہت تگ و دو کی مگر منور انجم کا دوست ہونے کے باوجود دال نہ گلی۔۔ چھ سات مہینے پہلے پگاڑہ لیگ میں شامل ہوا، وہ لاہور میں پگاڑہ لیگ کا عہدیدار بھی تھا۔مبین ملک کے والد فوج میں تھے، انہیں ستارہ جرآت ملا تھا، یہ فیملی لاہور آنے سے پہلے گجرات کے علاقے کنجاہ میں رہتی تھی، کنجاہ وہی علاقہ ہے جس کے بارے میں کہاوت ہے---داتن پھلاں دی۔۔۔تے رن کنجاہ دی۔۔ اداکارہ آسیہ کے شادی کرکے ملک چھوڑ جانے کے بعد اس کی جگہ لی انجمن نے اور کئی برس وہ ملکہ بنی رہی، سلطان راہی نے سب سے زیادہ فلمیں انجمن کے ساتھ کیں۔